امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک حکام سے لوڈ شیڈنگ کے معاملات پر دوٹوک بات کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کے الیکٹرک حکام کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں سی ای او کے الیکٹرک بھی شریک ہوں گے۔
اس موقع پر امتیاز شیخ نے کہا کہ کراچی کے کس علاقے میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کتنا ہے حکومت کو بتایا جائے۔
وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک حکام سے لوڈ شیڈنگ کے معاملات پر دوٹوک بات کی جائے گی جبکہ کراچی میں کی جانے والی لوڈ شیڈنگ کی تفصیل کے الیکٹرک انتظامیہ سے طلب کی جائےگی۔
واضح رہے کہ کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور اس کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے شہر بھر میں بدترین لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
کراچی میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال خوفناک حد تک بڑھ گئی ہے اور مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جب کہ بہت سے علاقوں میں ہر 2 گھنٹے کے بعد ڈیڑھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ کچھ علاقوں میں پوری پوری رات بجلی نہیں ہوتی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے گیس کی کمی کا جواز بنا کر شہر بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ شروع کی گئی ہے جب کہ گلشن اقبال ، ڈیفنس ، نارتھ ناظم آباد سمیت دیگر لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی 8 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی ، لانڈھی، قائدآباد، ملیر، گلشن معمار ، گلستان جوہر ، لیاقت آباد ، نیو کراچی ، نارتھ کراچی ، پی آئی بی کالونی ، بلدیہ ٹاون ، اورنگی ٹاون کے علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور بہت سے علاقوں میں ہر دو گھنٹے بعد ڈھائی گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
