زکام
ہم آج آپ کے لئےکچھ ایسے گھریلو نسخے لائے ہیں جو کہ آپ کو موسمی تبدیلی کے ساتھ کھانسی ، نزلہ ، زکام اور بخار میں آرام پہنچا نے میں آپ کی مدد ضرور کریں گے۔
یہ کچھ ایسی چیزیں ہیں جو کہ آپ کواپنے کچن میں ہی مل جائیں گی اور آپ کو اس کے لئے کوئی تردد نہیں کرنا پڑے گا۔
ادرک کا استعمال:
ادرک کئی امراض میں کام آتی ہے، یہ سوجن کم کرتی ہے،اینٹی بیکٹیریل ہے، یہ گلے کی خراش میں سکون پہنچاتی ہے۔
ایک سے دوگلاس پانی میں تھوڑی سے ادرک کچل کرڈالیں اور جب ابلنے لگے تو چھان کر شہد شامل کر کے پی لیں ۔
یہ فوری طورپرگلے کی سوجن دور کر کے اسے آرام پہنچاتی ہے اور کھانسی میں بھی کمی لاتی ہے۔
دارچینی :
دارچینی ہرگھر اور ہر کچن میں موجود ہوتی ہے اس میں بھی اینٹی آکسیڈنٹس کیا کافی مقدار پائی جاتی ہے۔
گلے کی سوجن، لگاتار کھانسی اور بلغم میں فائدہ مند ہے۔
ایک سے دو کپ پانی ابال لیں اس میں سبز چائے کی پتی ڈالیں، اس کے ساتھ اس میں دارچینی کی دو سے تین اسٹکس ڈال کر اچھی طرح ابال لیں۔
چاہیں تو ادرک کا ٹکڑا بھی ڈال کر 2 منٹ ابالیں اب اس کو چھان کر اس میں شہد ڈال کر پئیں، گلے کی تکلیف اور نزلہ زکام میں فوری آرام پہنچانے والا نسخہ ہے۔
شہد:
شہد کی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات گلے کی خرابی اور سینے کی جکڑن کو ختم کرتی ہیں۔ شہد کو ہلکا سا نیم گرم کر کےاس میں ایک چٹکی کالی مرچ ڈال کر کھالیں اس سے بہت جلد گلے کی سوزش اور خراش ختم ہوجائے گی۔
گرم پانی اور لیموں:
لیموں کا نام سن کر کچھ لوگ پریشان ہوجائیں گے کہ گلے کی خرابی میں لیموں کا استعمال کیسے کیا جائے۔
پریشان نہ ہوں لیموں میں وٹامن سی شامل ہے جو کہ موسمی اثرات، نزلہ زکام اور گلے کی خراش میں مفید ہے اس کے علاوہ یہ اینٹی بیکٹیریل بھی ہے، اور یہ مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔
نمک کے غرارے:
جب گلے میں تکلیف ہوتو نمک ملے نیم گرم پانی کے غرارے کر لیں۔ اس سے سوجن میں فوری کمی آجائے گی۔
اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ ایک گلاس پانی نیم گرم کریں اس میں آدھا چمچ نمک ملائیں اور پھراس سے غرارے کریں لیکن یہ خیال رہے کہ یہ پانی آپ کے گلے کے اندر نہ جائے۔
سیب کا سرکہ اور شہد کا مکسچر:
سیب کے سرکے میں بھی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو کہ بیکٹیریا کوتیزی سے ختم کردیتی ہیں، اس کے لئے ایک گلاس گرم پانی میں ایک چھوٹا چمچ سیب کا سرکہ، ایک چمچ شہد، ملا کر پئیں پھر اس کا کمال دیکھیں۔
لونگ:
گلے کی تکلیف میں اگر لونگ منہ رکھ کر چوستے رہیں اور تھوڑی دیر بعد چبا کر کھالیں تو اس سے کافی فائدہ ہوگا۔
نوٹ
کسی بھی نسخے کے مسلسل استعمال سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ ضرور کرلیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
