
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت آج سینیٹ کا اجلاس صبح 10 بجے شروع ہوا تھا ۔
اجلاس کے آغاز پر ایوان نے مرحوم سینیٹر سید طاہر حسین مشہدی اور ملک بھر میں سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
بعد ازاں سابق سینیٹر طاہر حسین مشہدی کی خدمات کے اعتراف کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی، قرارداد سینیٹر رخسانہ زبیری نے پیش کی۔
وزیر مملکت برائے قانون و انصاف شہادت اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت اسلام آباد کے لوگوں کو صحت اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
جمعہ کو ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیپٹل ٹیریٹری کے کچی آبادیوں میں بنیادی سہولیات لانے کے لیے کوشاں ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے ایوان کو بتایا کہ سی ڈی اے نے اپنے انوائرنمنٹ ونگ کے تحت متعدد منصوبے مکمل کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے عام لوگوں کے لیے پارکس، کڈز پارکس، جاگنگ ٹریکس، سائیکل ٹریکس اور فٹبال گراؤنڈز بنائے گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی نومنتخب سینیٹر ڈاکٹر خالدہ سکندر میندھرو نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ ملک میں سیلاب کی صورتحال کی نگرانی کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سفارشات طلب کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں اور شہری علاقوں کے لوگوں کو مختلف امدادی پیکج فراہم کرے گی جو قدرتی آفات سے متاثر ہوئے ہیں۔
اجلاس کے دوران سینیٹرز نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری ایکشن لے اور امدادی کارروائیاں کرے۔
انہوں نے متاثرہ افراد کے قرضے اور یوٹیلیٹی بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا۔
بحث میں حصہ لینے والوں میں مشتاق احمد خان، منظور قادر، اعجاز چوہدری، طاہر بزنجو، شفیق ترین اور سیف اللہ ابڑو شامل تھے۔
بعدازاں ایوان کا اجلاس پیر کی شام 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News