
حکومتی اتحاد میں شامل سابق وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ نے پاکستان میں سیاسی بحران کے خاتمے کے لئے 2 حل تجویز کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ نے پاکستان میں موجودہ سیاسی بحران پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ سیاسی حالات کے ساتھ ملکی اقتصادی حالات جس نہج پر آج پہنچ گئے ہیں وہ انتہائی تشویشناک امر ہے اور جس طرح سے سیاسی تناؤ اب آخری حدوں کو چھو رہا ہے اسے نیچے لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ معیشت کا گراف عمران خان کے دور میں نیچے گیا اور مخلوط حکومت بھی اسے سنبھالا نہیں دے سکی اور اس صورت حال کا واحد حل گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ اور میثاق معیشت ہے، بصورت دیگر حالات بگڑے تو سب کا نقصان ہوگا۔
آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مختلف نظریات کی جماعتیں شدید اختلافات کے باوجود ملکی سلامتی کے لئے یکجا ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں دلائل کے ساتھ لچک بھی ضروری ہے، باہمی مشاورت کے لئے سب سے بہترین فورم پارلیمنٹ ہاؤس تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اگر حکمران اتحاد اور پی ٹی آئی میں سیاسی پارہ کم نہ ہوا تو بڑا نقصان ہوگا کیونکہ سیاسی عدم استحکام اور ڈالر کی اڑان کا براہ راست اثر ملکی معیشت کے ساتھ غریب عوام پر پڑ رہا ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک ہم معیشت پر سیاست بند نہیں کریں گے، ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا اور اس وقت ملک میں بہت سی بڑی سیاسی شخصیات موجود ہیں جو معاملات کو سدھارنے میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان حالات میں الیکشن ہوئے تو اس سے حل نہیں نکلے گا بلکہ یہ مزید مسائل کو جنم دینے کے مترادف ہوگا۔
اس موقع پر انہوں نے حل تجویز کرتے ہوئے بتایا کہ پہلا آپشن نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ اور دوسرا آپشن حالات کچھ معمول پر آنے کے بعد شفاف انتخابات ہیں جس کے لئے پی ٹی آئی و دیگر اپوزیشن یا موجودہ حکمران اتحاد، اتفاق رائے سے ایک فورم تشکیل دینا ہوگا تاہم سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو اس سے مضر اثرات مرتب ہونگے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News