مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ سیاستدان مصلحتوں کو نظرانداز کرکے فوج کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہر آفت، مصیبت اور مشکل گھڑی میں قوم کی مدد اور خدمت کی اور خاص طور پر امن و امان کی بحالی ، دہشت گردی کے خاتمے میں فوج نے اہم کردارادا کرتے ہوئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر چیز برداشت کی جاسکتی ہے لیکن فوج کےخلاف پروپیگنڈا مہم ناقابلِ برداشت ہے لہذا سیاست دان سیاسی معاملات اور مصلحتیں پس پشت رکھ کر پروپیگنڈا مہم کو ناکام بنائیں اور فوج کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ سانحہ لسبیلہ کے شہدا کے اہل خانہ کے غم اور دکھ میں پوری قوم برابر کی شریک ہے، سیاستدان مصلحتوں کو نظرانداز کرکے فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا۔
بعد ازاں ترجمان پاک فوج نے ٹوئٹ کے ذریعے قوم کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس کے سبب ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی جس کی پاک فوج نے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
