کراچی کے حلقے این اے 245 ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار محمود مولوی نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔
این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں غیرسرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار 16282 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے، حلقے میں ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 11.8 فیصد رہا۔
غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے محمود مولوی 29475 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ایم کیوایم پاکستان کے امیدوار معید انور 13193 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار محمد احمد رضا نے 9836 ووٹ حاصل کیے، جبکہ اس کے علاوہ آزاد امیدوار فاروق ستار 3479 اور مہاجر قومی موومنٹ کے محمد شاہد کو 1177 ووٹ ملے۔
اس نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے محمود مولوی، ایم کیو ایم کے امیدوار معید انور، پی ایس پی کے سید حفیظ الدین، مہاجر قومی موومنٹ کے محمد شاہد اور ٹی ایل پی کے محمد احمد رضا مد مقابل تھے۔
فاروق ستار آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں موجود تھے، مجموعی طور پر سیٹ کے لیے 15 امیدواروں میں مقابلہ تھا جب کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے امیدوار ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوئے۔
دوسری جانب شاندار کامیابی پر پی ٹی آئی کے کارکنان بڑی تعداد میں پہنچ گئے اور جشن منانا شروع کر دیا۔ کارکنان نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور فتح پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کی نشست پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کر جانے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔
چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ پولنگ میں ہنگامہ آرائی اور مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشنز آئیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا، اس لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس اور مستعد رہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا تھا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک رہیں جبکہ عوام آفواہوں پر یقین نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ مصدقہ معلومات اور شکایات کے لئے صوبائی اور مرکزی کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
