بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ قائد کا وژن ہمیں ہر مشکل میں ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک پیغام میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عظیم قائد کی 74 ویں برسی پر قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر قائم رہنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد کا سیاسی وژن اور جمہوری جدوجہد متاثر کن ہے اور ہمیں ہر مشکل میں ثابت قدم رہنے کا درس دیتی ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھنا بہت ضروری ہے جہاں جمہوریت مضبوط ہو اور آئین اور پارلیمنٹ بالادست ہو۔
یاد رہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 74 ویں برسی آج انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی۔
قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882 میں کیا۔
محمد علی جناح نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز 1906 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت سے کیا تاہم 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔
آپ نے خود مختار ہندوستان میں مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے تحفظ کی خاطر مشہور چودہ نکات پیش کیے۔
قائد اعظم کی قیادت میں برِصغیر کے مسلمانوں نے نہ صرف برطانیہ سے آزادی حاصل کی بلکہ تقسیمِ ہند کے ذریعے پاکستان کا قیام عمل میں آیا اور آپ پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے۔
قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے الگ ملک کے لیے جدوجہد کی لیکن قیام پاکستان کے صرف ایک سال بعد وہ اس جہان فانی سے رخصت ہوگئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
