ریاض: پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے برادر ملک سعودی عرب نے ’ساھم‘ پلیٹ فارم کے ذریعے قومی عطیات مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کا کہنا ہے کہ ’عطیات مہم شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات پر شروع کی جارہی ہے جس کی نگرانی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کریں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’شاہ سلمان مرکز بیرونی دنیا کے لیے عطیات جمع کرنے کا واحد بااختیار ادارہ ہے، یہ عطیات مہم پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لیے مشن کا حصہ ہے‘۔
انہوں نے اپیل کی کہ تمام اہل خیر ’ساھم‘ پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی عوام کی مدد کے لیے آگے آئیں، امداد مستحکم افراد تک پہنچانے کا انتظام ہے جب کہ امداد کی ترسیل و تقسیم پر کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برادر ملک پاکستان بدترین قدرتی المیے سے گزر رہا ہے۔ کئی عشروں سے اس کی مثال نہیں ملتی۔ سیلاب ملک کے ایک تہائی علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ پاکستان میں متاثرین کی تعداد 33 ملین سے زائدہ ہوچکی ہے۔ 1300 سے زیادہ افراد ہلاک جب کہ 13 ہزار سے زیادہ بیمار ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ مکانات مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ دس لاکھ مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ سڑکیں، پل اور تجارتی مراکز سیلاب اور طوفانی بارش سے متاثر ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عطیات مہم کا فیصلہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دونوں ملکوں کے برادر عوام کے گہرے برادرانہ تعلقات کا عکس ہے۔
فيديو | المشرف العام على مركز الملك سلمان للإغاثة والأعمال الإنسانية عبدالله الربيعة: نعلن اليوم انطلاق الحملة السعودية الشعبية لمساعدة متضرري الفيضانات في باكستان #الإخبارية pic.twitter.com/q4mq2BlzLR
Advertisement— قناة الإخبارية (@alekhbariyatv) September 12, 2022
ڈاکٹر الربیعہ نے مزید کہا کہ تمام اہل خیر ساھم ایپ کے ذریعے بھی بڑھ چڑھ کرمدد کرسکتے ہیں۔ ایپ کی ویب سائٹ یا سعودی بینکوں میں مرکز کے اکاؤنٹس میں بھی عطیات جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کے لیے 100 ٹن امدادی سامان بھیجا جائے گا‘۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز کے ترجمان ڈاکٹر سامر الجطیلی کا سعودی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ’ہنگامی بنیاد پر دو سعودی طیارے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچیں گے۔ چند دنوں میں پانچ طیارے بھیجے جائیں گے‘۔
ترجمان نے مزید کہا تھا کہ’ شاہ سلمان مرکز پاکستان میں مختلف مقامات پر امدادی مراکز قائم کیے ہوئے ہے۔ بری راستے سے امدادی سامان کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے اور رہے گا‘۔
واضح رہے کہ ساھم ایپلی کیشن کو ایپل اور گوگل پلے اسٹورز کے ذریعے موبائل ڈیوائسز پر ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے جب کہ مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے مندرجہ ذیل نمبر پر کال کرسکتے ہیں 966920008554۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
