
بھارت میں برفانی تودہ گرنے سے 10 کوہ پیما ہلاک، 11 لاپتہ
بھارت میں ہمالیہ پہاڑی سلسلے پر برفانی تودہ گرنے سے 10 کوہ پیما ہلاک اور 11 لاپتہ ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہمالیہ پہاڑی سلسلے پر برف کا تودہ گرنے کا حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 10 کوہ پیما ہلاک اور 11 لاپتہ ہوگئے ہیں۔
بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے پولیس سربراہ اشوک کمار کا کہنا ہے کہ منگل کو گڑھوال ہمالیہ کے گنگوتری رینج میں واقعہ پہاڑی چوڑی پر 29 افراد کا ایک گروپ برفانی تودے کی زد میں آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے زندہ بچ جانے والے 8 افراد کو نکال کر علاج کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا ہے۔
اشوک کمار کے مطابق تمام لاپتہ افراد کوہ پیمائی کے ایک انسٹی ٹیوٹ میں تربیت حاصل کر رہے تھے جو برفانی تودہ گرنے کی جگہ سے بہت دور واقع ہے۔
ریاست اتراکھنڈ کے منتخب نمائندے پشکر سنگھ دھامی کا کہنا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس اور بھارتی فوج نے امدادی سرگرمیوں کے لیے اپنی ٹیمیں تعینات کردی ہیں جب کہ بھارتی فضائیہ نے بھی لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے دو ہیلی کاپٹر تعینات کیے ہیں۔
بین الاقوامی کوہ پیمائی اور کوہ پیمائی فیڈریشن کے عہدیدار امیت چودھری جو بھارتی فضائیہ کے سابق افسر بھی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہ بھارت کے کوہ پیمائی کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ٹرینی کوہ پیماؤں کا اتنا بڑا گروپ برفانی تودے کی زد میں آکر ہلاک ہوا ہو۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا سوشل میڈیا سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’وہ برفانی تودے میں جانوں کے ضیاع پر بے حد غمزدہ ہیں جب کہ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت بھی کی‘۔
واضح رہے کہ اتراکھنڈ کے پہاڑی علاقوں میں برفانی تودہ گرنا عام بات ہے جب کہ گذشتہ سال ریاست میں ایک گلیشیئر پھٹنے کے نتیجے میں سیلاب آیا تھا جس میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News