فیفا ورلڈ کپ 2022 کی تاریخ کے بڑے اپ سیٹ میں سعودی عرب نے فیوریٹ ارجنٹائن کو 2-1 سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق فٹ بال کی رینکنگ میں 51 نمبر پر موجود سعودی عرب نے ورلڈ کپ کی فیوریٹ ٹیم ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر تاریخ کا بڑا اپ سیٹ کر دیا۔
قطر کے لوسیل فٹ بال اسٹیڈیم میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے گروپ سی کے افتتاحی میچ میں سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم نے لیونل میسی کی ارجنٹائن کو چاروں شانے چت کر دیا۔
میچ کے پہلے ہاف نے ارجنٹائن نے لیونل میسی کی پنلٹی کک کے ذریعے میچ میں سبقت حاصل کی تھی، اس ہاف میں ارجنٹائن کے تین گول آف سائیڈ کی وجہ سے ضائع ہو گئے۔
سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم نے عالمی فٹ بال کے شائقین کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، میچ کے دوسرے ہاف میں 10 منٹ کے بعد صالح الشہری نے خوبصورت گول کر کے ارجنٹائن کی برتری کو برابر کیا۔
ابھی ارجنٹائن سعودی عرب کے اس حملے سے سنبھل بھی نہیں پایا تھا کہ سالم الدوسری پانچ منٹ کے وقفے سے دوسرا گول کر کے میچ میں برتری حاصل کی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
شکست کی ہزیمت سے بچنے کے لیے ارجنٹائن کی ٹیم بشمول لیونل میسی نے سخت کوششیں کیں مگر سعودی عرب کے ڈیفینڈرز نے ان کے حملوں کا بھرپور جواب دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ سعودی عرب کی چوتھی اور سب سے بڑی جیت ہے۔
دونوں ٹیموں کا اگلا میچ ہفتے کو ہو گا ، سعودی عرب کا مقابلہ پولینڈ سے اور ارجنٹائن کی ٹیم میکسیکو سے ٹکرائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
