
رانا ثناءاللہ نہ تو آئین کو سمجھتے ہیں اور نہ قانون کو، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب
ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نہ تو آئین کو سمجھتے ہیں اور نہ قانون کو۔
تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری پرویز الٰہی سے خصوصی نشست قانونی پہلووں پر بات ہوئی ہے، میرے خیال سے گورنر کو کوئی حق حاصل نہیں کہ اسپیکر کی رولنگ کو ختم کرے، آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ گورنر اپیلٹ اتھارٹی ہے۔
پرویز الٰہی مکمل طور پرمطمئن اور آئین وقانون پر چلنا چاہتے ہیں
احمد اویس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی، وہ مکمل طور پرمطمئن اور آئین وقانون پر چلنا چاہتے ہیں، انہوں نے واضح کیا ہے کہ ہم آئین وقانون کا دامن نہیں چھوڑیں گے اور حوصلے پست نہیں کریں گے۔
کسی کو غیر آئینی اقدام کی اجازت نہیں دیں گے
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی کو بھی بدنیتی کی بنیاد پر قدم اٹھانے اور غیر آئینی اقدام کی اجازت نہیں دیں گے، اگر گورنر کا خط آئے گا تو جواب دیا جائے گا، اس بنیاد پر گورنر راج کی باتیں غیر آئینی ہیں، عدالتیں اسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بیٹھی ہیں، عدالتیں اس لئے نہیں بیٹھی ہوئیں کہ کسی غاصب کے غیر آئینی اقدام کو تحفظ دیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب غیر آئینی اقدام کریں گے نہ کرنے دیں گے
ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں انصاف کے لئے اور انصاف کی بات کرنے کے لئے بیٹھی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب غیر آئینی اقدام کریں گے نہ کرنے دیں گے، ہم احتجاج اور مقابلہ کریں گے کسی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور نہ ہی اپنے حق سے دستبردار ہوں گے، اگر انہوں نے کچھ لکھا تو حکومت پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے اسی وقت جواب بھجوایا جائے گا، یہ جواب بھجوایا جائے گا کہ وزیر اعلیٰ کو نہ تو ڈی نوٹیفائی کیا جا سکتا ہے نہ کام سے روکا جا سکتا ہے۔
گیڈر بھبکیوں اور دھمکیوں سے معاملات حل نہیں ہوتے
احمد اویس نے کہا کہ یہ لوگ وزیر اعلیٰ کا گھر سیل کر کے تو دکھائیں، گیڈر بھبکیوں اور دھمکیوں سے معاملات حل نہیں ہوتے، ملک کا نظام حکومت آئین و قانون کے مطابق چلتا ہے یہ قانونی اور سیاسی معاملات ہیں، راناثناء اللہ سمجھتے ہیں کہ ان کے منہ سے نکلا ہوا لفظ پرانے ظالم بادشاہوں کی طرح ٹالا نہیں جا سکتا، وہ نہ تو آئین کو سمجھتے ہیں نہ قانون کو۔
مزید پڑھیں؛ عمران خان کے ساتھ دل و جان سے ہیں اور ہمیشہ ساتھ دیتے رہیں گے، پرویز الٰہی
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News