
نیٹ فلکس استعمال کرنے والوں کیلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی
نیٹ فِلکس کی جانب سے 2023 کی پہلی سہ ماہی کے اختتام پر مختلف ممالک میں اکاؤنٹ پاس ورڈ شیئر نگ روکنے کے لیے کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔
حال ہی میں کمپنی نے بتایا ہے کہ وہ کیسے ایک اکاؤنٹ کو مختلف افراد کو استعمال کرنے سے روکے گی۔
کمپنی کے ایف اے کیو پیج پر تفصیلات شیئر کی گئی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ ’ کسی گھر میں نہ رہنے والے افراد اس جگہ یا پرائمری لوکیشن کے اکاؤنٹ کو دیگر مقامات پر اسٹریمنگ مواد دیکھنے کے لیے استعمال نہیں کرسکیں گے ‘۔
یہ بھی پڑھیں: نیٹ فلکس کوملازم کی تلاش؛ تنخواہ آپ کے ہوش اڑا دے گی
نیٹ فِلکس اکاؤنٹ کو اب بھی شیئر کرنا ممکن ہوگا مگر ایک گھر کے اندر۔ اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ آپ کی ڈیوائسز اس جگہ کے وائی فائی سے منسلک ہوں، اس مقصد کے لیے کمپنی کی جانب سے صارفین کو پرائمری لوکیشن کے وائی فائی سے کنکٹ کرنے کا کہا جائے گا۔
اس جگہ پر 31 دنوں میں کم از کم ایک بار ڈیوائسز پر نیٹ فلکس ایپ یا ویب سائٹ کو اوپن کرنا لازمی ہوگا۔
کیا گھر سے باہر کے کسی فرد سے اکاؤنٹ شیئر کرنا ممکن ہوگا؟
اب ایسا ممکن نہیں ہوگا اور ایک اکاؤنٹ کو بس ایک گھر کے اندر ہی استعمال کیا جاسکے گا۔
کمپنی کے مطابق جو فرد کسی مختلف جگہ پر غیر متعلقہ ڈیوائس سے اکاؤنٹ میں لاگ ان ہونے کی کوشش کرے گا، اس کی سروس تک رسائی روک دی جائے گی۔
مگر کمپنی کی جانب سے گھر سے باہر اکاؤنٹ کی تفصیلات شیئر کرنے پر خودکار طور پر اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔
سفر کے دوران اپنا نیٹ فِلکس اکاؤنٹ کیسے استعمال کرسکیں گے؟
گھر سے باہر کسی نئی ڈیوائس پر نیٹ فلکس پر سائن ان ہونے پر صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔ایسے صارفین کی جانب سے سائن ان کرتے ہوئے کمپنی سے ایک عارضی کوڈ فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی، جس سے انہیں 7 دن تک گھر سے باہر اکاؤنٹ تک رسائی مل جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کیا آپ کم قیمت میں نیٹ فلکس استعمال کرنا چاہتے ہیں؟
ڈیوائس پر نیٹ فِلکس کو بلاک ہونے سے بچانے کے لیے کیا کرنا ہوگا؟
اس کے لیے پرائمری لوکیشن پر ہر 31 دن میں کم از کم ایک بار نیٹ فِلکس پر سائن ان ہونا ہوگا، جس کے بعد کمپنی کی جانب سے ڈیوائس پر نیٹ فلکس تک رسائی بلاک نہیں کی جائے گی۔اگر ڈیوائس پر سروس بلاک ہوگئی ہے تو اس کے لیے کمپنی سے رجوع کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News