وزیراعظم کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت
وزیراعظم کی جانب سے ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر قابو پانے اور کمی کیلئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔
دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل اور کم قیمت میں فراہمی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ذمے داری ہے تاہم بنیادی اشیائے خور و نوش کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی اور اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گندم سمیت دیگر بنیادی اشیائے خور و نوش کی کوئی کمی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ
وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں کو اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین برقرار رکھنے کے حوالے سے روابط اور ہم آہنگی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی اشیاء کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔
وزیراعظم نے سپلائی چین کو مؤثر بنانے اور قیمتوں میں بہتری لانے کے حوالے سے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے کی اور رمضان المبارک کے دوران اشیاء کی سستے داموں فراہمی کے لیے صوبوں کو ٹھوس حکمت عملی پیش کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ رمضان بازاروں میں قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاۓ، رمضان بازاروں میں سیکورٹی کے خاطر خواہ اقدامات ہونے چاہئیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
