ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ؛ عماد وسیم اور اسامہ میر کی عمدہ کارکردگی بھی کام نہ آسکی، ٹیمیں ایونٹ سے باہر
ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں عماد وسیم اور اسامہ میر عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد بھی اپنی ٹیموں کو کامیابی دلوانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔
ناٹنگھم شائر کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے وائٹلٹی بلاسٹ 2023 میں جمعہ کو سمرسیٹ کے خلاف تیسرے کوارٹر فائنل میچ میں غیر معمولی آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
ان کی کوششوں کے باوجود ناٹنگھم شائر ناکام رہی اور ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔
عماد وسیم نے 15 گیندوں پر ناقابل شکست 31 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
ان کی شاندار اننگز کی بدولت ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنانے میں کامیاب رہی جب کہ 16 ویں اوور میں ہی ان کی 108 رنز پر 6 وکٹیں گرچکی تھیں۔
علاوہ ازیں عماد وسیم نے میڈن اوور بھی کروایا اور بیک ٹو بیک مخالف ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ میچ میں انہوں نے 33 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
تاہم سمر سیٹ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف 3 گیندے قبل پورا کرلیا اور اس طرح عماد وسیم کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
دوسری جانب اسامہ میر کی ٹیم ووسٹر شائر شائر بھی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ 2023 کے چوتھے سیمی فائنل میں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے حیران کن طور پر باہر ہوگئی ہے۔
وورسٹر شائر کی بیٹنگ شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 17 ویں اوور میں محض 100 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اسامہ میر جب بیٹنگ کرنے آئے تو ان کی ٹیم کے 29 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے لیکن انہوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 34 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔
ہیمپشائر نے 4.3 اوورز قبل پانچ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف آرام سے حاصل کرلیا جب کہ اسامہ میر نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں اچھی کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے چار اوورز کے اسپیل میں صرف 20 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
