قومی ٹیم کی دوبارہ کوچنگ سے متعلق خبروں پر مصباح نے خاموشی توڑ دی
مصباح الحق نے انکشاف کیا ہے پاکستانی ٹیم کے کوچ یا چیف سلیکٹر کے طور پر ان کی واپسی کے بارے میں ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ان سے رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران سابق کپتان مصباح الحق سے پوچھا گیا کہ کیا وہ قومی ٹیم کے ساتھ دوبارہ مذکورہ بالا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں؟
اس حوالے سے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے ابھی تک مجھ سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ جب وہ مجھ سے رابطہ کریں گے تو میں دیکھوں گا۔ میرے پاس پہلے سے ہی بہت سارے معاہدے ہیں، چاہے وہ لیگز ہوں یا ٹیلی ویژن چینلز، فوری طور پر یہ آسان نہیں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ کردار ادا کرنے کے لیے مجھے دیکھنا ہوگا کہ کون سا کردار پیش کیا جائے گا اور کیا میں اسے کرسکوں گا یا نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کے سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا تھا کہ مصباح الحق کے پاس بطور کوچ پاکستانی ٹیم میں واپسی کا اچھا موقع ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ دیکھیں پی سی بی کی موجودہ صورت حال کافی غیرمستحکم ہے، کبھی ایک چیئرمین آرہا ہے تو کبھی دوسرا چیئرمین آرہا ہے اور اس سے منصوبہ بندی میں خلل پڑتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی کے سربراہ کی حالیہ تبدیلی کے بعد اب میں سمجھتا ہوں کہ وہ ابھی کوئی فیصلہ کرنے سے قاصر ہیں۔ تاہم مجھے لگتا ہے کہ مصباح الحق کے پاس دوبارہ پاکستانی ٹیم کی ذمہ داری سنبھالنے کا اچھا موقع ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق نے ستمبر 2019 میں ٹیم سلیکشن اور کوچنگ کی دوہری ذمہ داریاں ادا کی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: مکی آرتھر کی تقرری، مصباح الحق پھٹ پڑے
مکی آرتھر کی رہنمائی میں پاکستان کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کرنے کے سبب مصباح الحق کو چند ماہ بعد تین سال کی مدت کے لیے کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
تاہم ستمبر 2021 میں رمیز راجہ کے پی سی بی کے چیئرمین بننے کے بعد مصباح الحق نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
