
نئے اسلامی سال کے آغاز پر صدر و وزیراعظم کا پیغام
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نئے اسلامی سال 1445 کے آغاز پر مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے اور دعا کی ہے کہ نیا ہجری سال پاکستان، امت مسلمہ اور پوری دنیا کے لئے رحمتیں لے کر آئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نئے اسلامی سال کے آغاز پراپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ محرم الحرام چار مقدس اور حرمت والے مہینوں میں شامل ہے، پوری دنیا حرمت والے ان چار مہینوں کو امن کے فروغ کے لئے استعمال کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس ماہ مبارک کی خصوصی فضیلت بیان فرمائی ہے۔ اسلام سے قبل بھی اس مہینے کی حرمت مسلمہ تھی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت بھی اسی ماہ میں ہوئی، اللہ تعالیٰ اس ماہ مبارک کو سب کے لئے خیروبرکت کا باعث بنائے، عبادات اور روزوں کے اہتمام کی توفیق عطا فرمائے۔
صدر مملکت کا پیغام
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہجری سال نو 1445ھ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامی سال نو کا آغاز دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سال نو اسلام کی خاطر دی گئی قربانیوں کو یاد کر کے اپنے ایمان اور عزم کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے، اس نئے ہجری سال کے آغاز پر ہم اِس بات کا عزم کرتے ہیں کہ اپنے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور اُن کی تعلیمات سے سبق حاصل کریں گے اور ان کے بتائے ہوئے درس حیات کو اپنی زندگیوں میں لاگو کریں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ہجری سال نو 1445ھ کے موقع پر پیغام۔ pic.twitter.com/heCjOhXj3a
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) July 20, 2023
صدر مملکت نے کہا کہ اپنے معاشرے میں ہمدردی، انصاف، اتحاد اور رواداری کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، یہ اقدار ہمارے اسلامی ورثے کا مرکز ہیں اور ہم آہنگی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ محرم اسلامی کیلنڈر کا پہلا مہینہ ہے اور یہ ہماری روحانی زندگی میں ایک نئے سفر کا آغاز کرتا ہے، تاہم محرم ایک ایسا مہینہ بھی ہے جس میں ہم اپنے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے عظیم ساتھیوں کی معرکہ کربلا میں شہادت اور قربانی کو یاد کرتے ہیں۔ معرکہ کربلا اسلامی تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے، جو ظلم کے مقابلے میں غیر متزلزل جرات، قربانی اور ثابت قدمی کی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ اپنے پیروکاروں کے چھوٹے گروہ کے ساتھ ناانصافی اور ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور حق و انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
عارف علوی نے کہا کہ امام حسین کی قربانی ظلم کے خلاف کھڑے ہونے اور اسلام کی اقدار کے دفاع کی لازوال یاد دہانی ہے، یہ ہمیں بڑی مصیبت کے باوجود انصاف پر قائم رہنے کی اہمیت سکھاتا ہے، کربلا کے واقعات دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کو قربانی اور غیر متزلزل ایمان کے اقدار کو اپنانے پر آمادہ کرتا ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ جب ہم اس نئے ہجری سال کا آغاز کرتے ہیں تو یہ یاد رکھنا بہت ضروری ہے کہ ہماری طاقت بحیثیت قوم ہمارے اتفاق و اتحاد میں مضمر ہے۔ یقیناً ہم سب مل کر کسی بھی چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں اور اپنے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مستقبل بنا سکتے ہیں۔ ہمیں پاکستان میں موجود تمام افراد کو ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنے کیلئے مواقع فراہم کرنے ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ کرے کہ یہ نیا ہجری سال ہمارے لیے امن، خوشحالی اور خوشیاں لائے اور ہم ایک بہتر مستقبل کی طرف آگے بڑھیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اس کی عوام پر اپنی رحمت نازل فرمائے اور ہم سب کو مل جل کر ترقی، خوشحالی اور امن وسلامتی کے لیے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News