مفتاح اسماعیل کو ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی دعوت
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت فاروق ستار نے مفتاح اسماعیل سے ملاقات میں دی، تاہم دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات 2 روز قبل مفتاح اسماعیل کی رہائشگاہ پر ہوئی تھی۔
اس حوالے سے ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے اچھے لوگوں کی ایک ٹیم بنانا ضروری ہے، ایک مشترکہ قومی ایجنڈے کی ملک کو ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مفتاح اسماعیل سے ملاقات میں قومی ایجنڈے پر بات ہوئی، مفتاح اسماعیل کو کہا کہ اس وقت ایم کیوایم سے بہتر پلیٹ فارم نہیں۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ کراچی کو اپنائیں گے، بنائیں گے، بچائیں گے تو سمجھیں پاکستان کو بنایا، بچایا اور اپنایا، مفتاح اسماعیل کا معاشی ویژن بہت وسیع ہے، مفتاح نے کہا ہے وہ سوچ کر جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مفتاح اسماعیل کی پارٹی سے ناراضگی موجودہ دور حکومت میں اس وقت سامنے آئی جب حکومت نے مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹاکر اسحاق ڈار کو وزارت دینے کا فیصلہ کیا۔
مفتاح اسماعیل (ن) لیگ کی طرف سے دو بار وزیر خزانہ رہ چکے ہیں جس میں وہ پہلی مرتبہ شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں وزیر خزانہ رہے جبکہ دوسری بار پی ڈی ایم حکومت میں شہباز شریف کی کابینہ میں وزیر خزانہ رہے۔
مفتاح اسماعیل نے اسحاق ڈار کی معاشی پالیسیوں کو کئی بار تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ انہوں نے آئی ایم ایف سے ڈیل کو لے کر بھی کئی بار سابق وزیر خزانہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
دوسری جانب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی کئی مرتبہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا ترکی بہ ترکی جواب دے چکے ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
