جنوبی کوریا کا پہلا فوجی جاسوسی سیٹلائٹ مدار میں پہنچ گیا
جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی نگرانی کے لیے پہلا فوجی جاسوس سیٹلائٹ مدار میں پہنچادیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ اسپیس ایکس فیلکن نائن راکٹ سیٹلائٹ کو لے کرجمعہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10:19 پر مغربی امریکی ریاست کیلیفورنیا سے روانہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ کے لانچ کے ایک گھنٹہ بعد اس کا زمینی اسٹیشن کے ساتھ کامیابی سے رابطہ بھی قائم ہوگیا جب کہ سیٹلائٹ کی مدد سے جنوبی کوریا اپنے ہمسایہ ملک شمالی کوریا پر نظر رکھے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ سیٹلائٹ 400 سے 600 کلومیٹر کی بلندی پر زمین کے گرد چکر لگائے گا جب کہ جنوبی کوریا 2025 تک مزید چار جاسوس سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ پہلا فوجی جاسوسی سیٹلائٹ مدار میں داخل ہوگیا ہے اور یہ ایک ایسا اقدام ہے جس سے شمالی کوریا کی بہتر نگرانی کی جاسکے گی۔
وزارت نے کہا کہ سیٹلائٹ راکٹ سے الگ ہوگیا ہے اور مقررہ وقت کے مطابق وہ مدار میں بھی داخل ہوگیا۔
وزارت کے حکام کو امید ہے کہ اس سیٹلائٹ سسٹم سے شمالی کوریا کے ممکنہ بیلسٹک میزائل لانچ کی ابتدائی علامات کو پکڑنے میں مدد ملے گی اور فوج کی میزائل حملے کی صلاحیت کو تقویت ملے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شمالی کوریا نے بھی اپنا جوسوسی سیٹلائٹ مدار میں داخل کیا تھا جس نے وائٹ ہاؤس سمیت امریکی اڈوں کی تصاویر لیں تھیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
