اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کے لئے 35 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عالمی بینک نے پاکستان کے لئے 35 کروڑ ڈالر منظور کر لیے ہیں، رقم پاکستان میں ادارہ جاتی اصلاحات پر عمل درآمد کے لئے فراہم کی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی بینک نے ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے پاکستان کی حکمت عملی سے اتفاق کرلیا ہے، رقم کے پاکستان میں توانائی کی اصلاحات پر خرچ ہوگی۔
اس حوالے سے کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک ناجے بنحسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے 35 کروڑ ڈالر رائز ٹو پروگرام کے تحت منظور کی گئی ہے، رقم پاکستان میں توانائی کے شعبے کے نقصانات کم کرنے میں معاون ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے ممکنہ اصلاحات پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کو ہیومن کیپیٹل کے بحران کا سامنا ہے، دستیاب انسانی وسائل کا کم استعمال پیداوار اور ترقی کو متاثر کر رہا ہے۔
پاکستان میں 5 سال سے کم عمر 40 فیصد بچے اسٹنٹنگ کا شکار ہیں اور دنیا میں سب سے زیادہ پاکستان میں 2 کروڑ سے زیادہ بچے اسکول سے باہر ہیں، 10 سال سے کم عمر کے 79 فیصد بچے پڑھنے کی صلاحیت سے محروم ہیں۔
عالمی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو بلند مالی خسارے کا سامنا ہے، پاکستان کے ذمے قرضہ مقررہ قانونی حد سے زیادہ 78 فیصد کی بلند شرح پر ہے، پالیسیوں میں عدم تسلسل کی وجہ سے سرمایہ کاری اور برآمدات کا فقدان ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کا زرعی شعبہ غیر پیداواری اور جمود کا شکار ہے، زرعی شعبے کا جی ڈی پی میں حصہ 23 فیصد ہے، پاکستان میں زرعی شعبہ 40 فیصد لیبر فورس کو روزگار فراہم کرتا ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں توانائی کا شعبہ ناقابلِ انحصار اور معیشت پر بھاری ہے، ملک میں توانائی شعبے میں گردشی قرضہ مالی مشکلات پیدا کر رہا ہے، پاکستان کا سرکاری شعبہ غیر مؤثر ہے اور پاکستان میں پالیسی فیصلوں کا محور ذاتی مفادات ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
