
سڈنی ٹیسٹ: ہیزل ووڈ نے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑادیے، آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط
آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑادیے، آسٹریلیا کی میچ پر پوزیشن مضبوط ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم نے پہلی اننگز میں آسٹریلیا پر 14 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں کیا۔
عبداللہ شفیق دوسری اننگز میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ایک کے مجموعی اسکور پر کپتان شان مسعود بھی گولڈن ڈک کا شکار ہوگئے۔
صائم ایوب اور بابر اعظم نے ٹیم کو کچھ سنبھالااور اسکور 58 رنز تک پہنچایا تاہم صائم ایوب کے آؤٹ ہوتے ہی ایک بار پھر وکٹیں گرنے کی لائن لگ گئی۔
جوش ہیزل ووڈ نے ایک ہی اوور میں بغیر کوئی رن دیے تین وکٹیں حاصل کرکے میچ کا پلڑا اپنی ٹیم کی جانب کرلیا۔
Who can think of an exclamation to describe that over from Josh Hazlewood?#AUSvPAK pic.twitter.com/pEhaFrObuQ
— cricket.com.au (@cricketcomau) January 5, 2024
تیسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان کی 68 رنز پر 7 وکٹیں گرچکی ہیں۔
صائم ایوب33 اور بابر اعظم 23 رنز بناکر نمایاں رہے ۔سعود شکیل2 ، ساجد خان اور آغا سلمان بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
محمد رضوان 6 اور عامر جمال بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کو آسٹریلیا پر 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔
https://twitter.com/cricketcomau/status/1743166395037397167
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 4 جبکہ مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل عامر جمال نے تباہ کن بولنگ کرکے پاکستان کو برتری دلوائی تھی۔
تیسرے روز آسٹریلیا نے 116 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے کھیل کا آغاز کیا تو وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 299 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی تھی۔
مارنس لبوشین 60، مچل مارش 54، عثمان خواجہ 47، ایلکس کیری اور اسٹیو اسمتھ 38، 38 جبکہ ڈیوڈ وارنر 34 رنز بناکر نمایاں رہےتھے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے اپنے کیریئر کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں دوسری مرتبہ 6 وکٹیں حاصل کیں۔ آغا سلمان نے 2 جبکہ میرحمزہ اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
پاکستان کو پہلی اننگز میں آسٹریلیا پر 14 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ دوسرے روز خراب روشنی کے باعث صرف 46 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا تھا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محمد رضوان(88)، عامر جمال(82) اور سلمان علی آغا (53) کی نصف سنچریز کی بدولت 313 رنز بنائے تھے۔
کپتان شان مسعود35 ، بابر اعظم 26 اور ساجد خان 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے 5، مچل اسٹارک نے2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ، نیتھن لیون اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News