
خیبرپختونخوا کے لوگ بیوقوف؛ اے این پی کا نواز شریف سے اپنے الفاظ واپس لینے کا مطالبہ
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی ترجمان ثمر ہارون بلور نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے عوام کو بیوقوف کہنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔
اے این پی کی ترجمان ثمر ہارون بلور نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور تین بار وزیراعظم کے عہدے پر رہنے والے ایسی باتیں زیب نہیں دیتا، ان کو حق نہیں کہ ایک صوبے کے عوام کو بے وقوف کہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام سے ووٹ بھی مانگ رہے ہیں اور بے وقوف بھی کہہ رہے ہیں، کس منہ سے خیبرپختونخوا کے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔
ثمر ہارون بلور نے مزید کہا کہ ماضی میں ن لیگ نے صوبے کے حقوق دینے سے انکار کیا تھا، ہم نواز شریف کے اس عمل کی مذمت کرتے ہیں، نواز شریف اپنے الفاظ واپس لے کر پوری قوم سے معافی مانگیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ آسانی سے بے وقوف بن جاتے ہیں، یہ بیماری خیبرپختونخوا سے ہی آئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News