
پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں ملک بھر سے لاکھوں نوجوانوں نے پہلی بار ووٹ کاسٹ کیا جب کہ شہر قائد میں لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کی بڑی تعداد بھی ووٹ دینے کے لیے گھروں سے نکلی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آج 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں 18 سال یا اس سے زائد نوجوانوں کی بڑی تعداد نے پہلی بار ووٹ کاسٹ کیا۔
کراچی کی بات کی جائے تو یہاں بڑی تعداد میں نوجوانوں جن میں بڑی تعداد لڑکیوں کی شامل تھی، وہ اپنے والدین کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کرنے آئے اور انہوں نے پہلی باراپنا حق راہی دہی استعمال کیا۔
عام انتخابات میں پہلی بار ووٹ کاسٹ کرنے والی لڑکیوں کا کہنا تھا کہ پہلی بار ووٹ کاسٹ کرنے کا تھوڑا دباؤ تھا کیوں کہ ہمیں نہیں پتہ تھا کہ ووٹ کیسے اور کہاں کاسٹ کرنا ہے تاہم ہمارے والدین نے ہمیں سمجھا کر بھیجا تھا کہ پورے عمل میں کس طرح ووٹ کرنا ہے۔
بیشتر نوجوان پہلی بار ووٹ کاسٹ کرنے کے حوالے سے پرجوش دکھائی دیے اور ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارا ووٹ کاسٹ کرنے کا خواب پورا ہوا اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس قومی عمل کا حصہ بنے اور تمام لوگوں کو ووٹ ڈالنا چاہیے کیوں کہ یہ ایک قومی امانت ہے۔
کچھ نوجوانوں نے انتخابات اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس جدید ٹیکنالوجی کے دور میں جہاں ہمارے پڑوسی ممالک سمیت دیگر ملکوں میں ٹیکنالوجی کی مدد سے ووٹنگ ہوتی ہے لیکن ہمارے ہاں آج بھی پرانا سسٹم رائج ہے اور یہی وجہ ہے کہ انتخابات کے نتائج کو کبھی تسلیم نہیں کیا گیا، اب وقت آگیا ہے کہ ہم بھی ٹیکنالوجی کا استعمال کریں تاکہ تمام جماعتیں خوشی سے ان نتائج کو تسلیم کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News