
امن وامان کی بگڑتی صورتحال؛ ایم کیوایم کا ایوانوں کے اندر و باہر احتجاج کا عندیہ
کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے ایوانوں کے اندر اور باہر احتجاج کا عندیہ دے دیا۔
ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کی زیرصدارت رات گئے ایم کیو ایم اراکین سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی سنگین صورتحال اور نوجوانوں کی اموات سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کراچی کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور ایوانوں کے اندر اور باہر احتجاج کا عندیہ دے دیا گیا۔
دوران اجلاس فاروق ستار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے عوام کے جان ومال کا تحفظ نہ کیا تو احتجاج ہوگا، شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات نہ ہوئے تو احتجاج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں روزانہ سینکڑوں وارداتیں ہورہی ہیں، وارداتوں کے دوران شہریوں کے بےدریغ قتل عام کی مذمت کرتے ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے شہر کو دانستہ دہشت گرد کے سپرد کردیا گیا، شہرمیں حکومت وانتظامیہ کا وجود کہیں دکھائی نہیں دے رہا۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ سندھ حکومت امن وامان کے قیام میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، ایم کیو ایم عوام کو ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر نہیں رہنے دے گی۔
واضح رہے کہ اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے منتخب اراکین سندھ اسمبلی نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News