
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پرواز کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، ترجمان ہوابازی
اسلام آباد: ترجمان ہوا بازی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کرغزستان سے پاکستانی طلبہ کی وطن واپسی کیلئے پرواز کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
ترجمان ہوا بازی کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کرغزستان میں پاکستانی طلبہ کو واپس وطن لانے کیلئے کسی بھی طرح کی تحریری یا زبانی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
ترجمان ہوا بازی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی درخواست کے بغیر ایسی سیاسی بیان بازی افسوس ناک امر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کرغزستان میں پھنسے طلبا اور ان کے والدین کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
ترجمان ہوا بازی کا مزید کہنا تھا کہ کرغزستان میں پاکستانی طلبا کو وطن واپس لانے کیلئے آپریشن وفاقی حکومت کی نگرانی میں جاری ہے۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کرغزستان میں موجود پاکستانی طلبہ کو تین خصوصی پروازوں کے ذریعے حکومتی خرچ پر پاکستان لایا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم کی ہدایت کے بعد کمرشل پروازوں کو کرغزستان سے ایک ہفتے میں دو پروازوں کی بجائے دن میں چار پروازوں کی خصوصی اجازت بھی دی گئی ہے۔
ہوابازی ڈویژن نے وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایت پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے کرغزستان میں پاکستانی طلبا کو بحفاظت پاکستان لانے کے آپریشن کا آغاز بھی کردیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News