
پاک بحریہ کے جہاز اصلت کا سلطنت عمان کا دورہ؛ بحری مشقوں میں شرکت
اسلام آباد: پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے دوران عمان کا دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عمان کی بندرگاہ سلالہ آمد پر میزبان بحری حکام کی طرف سے پاک بحریہ کے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے عمان کے عسکری حکام سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا اور دورے کے اختتام پر دونوں ملکوں کی افواج نے مشترکہ بحری مشق میں حصہ بھی لیا۔
قبل ازیں پی این ایس اصلت نے برطانیہ کی رائل بحریہ کے جہاز ایچ ایم ایس لنکاسٹر کے ساتھ بھی بحری مشق اور آپریشن اسکارلیٹ ٹرائیڈنٹ میں حصہ لیا۔
دو طرفہ آپریشن کے دوران سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو، ہیلی کاپٹر لینڈنگ، انسداد منشیات اور اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق میری ٹائم آپریشنز کی مشق کی گئی۔
ان مشقوں کا مقصد بحری افواج کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام، علاقائی امن اور استحکام کا قیام ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ دورہ عمان اور بحری مشقوں میں شمولیت پاک بحریہ کی جانب سے علاقائی استحکام، بین الاقوامی تعاون اور بحری صلاحیتوں کے فروغ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News