
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سوائے دھمکی کے کچھ نہیں کرسکتے، عظمیٰ بخاری
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سوائے دھمکی کے کچھ نہیں کرسکتے۔
صوبائی اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ کو خیبرپختونخوا کی عوام پر ترس نہیں آتا لیکن ہمیں آتا ہے، وزیراعلیٰ کے پی کچھ نہیں کرسکتے سوائے دھمکی کے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بجلی چوری رکوانی چاہیے، گرڈ اسٹیشن کے اندر جاکر مولا جٹ بننا درست نہیں، گرڈ اسٹیشن بند کرنا 2014 کےدھرنے کی روایت ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کہتی ہیں کہ 2014 کے دھرنے میں سول نافرمانی کی ترغیب دی گئی، جب بجلی استعمال کرنی ہے تو پیسے دینے پڑیں گے، چاہتے ہیں کے پی عوام بھی صاف ستھرا ماحول دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ابھی بھی سازشیں کرنے میں مصروف ہیں، کچھ عناصر ہیں جو ملک کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے۔ یہ لوگ 2014 کے دھرنے کا پارٹ ٹو دوبارہ کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عید کے دن بھی پنجاب حکومت کے محکموں نے کام کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب نےعید پر ناممکن کو ممکن کر دکھایا، مریم نواز وزیراعلیٰ ہیں جو اعلان کرکے بھول نہیں جاتیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مریم نواز جو ٹھان لیتی ہیں اس کی تکمیل کرا کر دم لیتی ہیں، روٹی سستی کرنی ہو یا رمضان میں مہنگائی کم کرنی ہو، مریم نواز نے یہ سب کرکے دکھایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کرائی، 3 دن میں مسافروں کو 14 لاکھ 66 ہزار روپے واپس کیے گئے ہیں جب کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف 27 لاکھ جرمانہ کیا گیا۔
عظمیٰ بخاری مزید کہتی ہیں کہ 100 مقامات پر فری وائی فائی کی سروس فراہم کی ہے، مریم نواز نے ثابت کردیا اپنے حکم پرعمل کیسے کراتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News