
کسی بلیک میلنگ میں آ کر قومی سلامتی داؤ پر نہیں لگا سکتے، میر ضیا اللہ لانگو
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیااللہ لانگو نے کہا ہے کہ کسی بلیک میلنگ میں آ کر قومی سلامتی داؤ پر نہیں لگا سکتے۔
گوادرمیں وزیرداخلہ بلوچستان میرضیا اللہ لانگو کی زیرصدارت امن وامان اوراحتجاج کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرحمودلراحمن، ڈی آئی مکران رینج ڈاکٹرفرحان زاہد سمیت دیگر حکام شریک تھے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی نصیرآباد رینج ایاز بلوچ، اے ڈی سی گوادر سربلند کھوسہ اوراے سی گوادر جواد زہری بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں گوادرکی مجموعی صورتحال پر تفیصلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچھ عناصر قانون ہاتھ میں لیکرامن وامان سبوتاژ کرنا چاہتے تھے جن کے خلاف کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران 20 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ گوادر میں تمام مظاہرین منتشر ہوگئے، حالات معمول پر آگئے ہیں، گوادرکے حالات کنٹرول کرنے پر تمام ادارے مبارک باد کے مستحق ہیں، کچھ شرپسند عناصر گوادر کے حالات خراب کرنا چاہتے تھے جس میں انہیں مکمل ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
میرضیا لانگونے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق بات چیت کے لیے تیار ہیں، کسی بلیک میلنگ میں آکر قومی سلامتی داؤ پر نہیں لگا سکتے، بلوچستان کی قبائلی روایات کے مطابق خواتین کو قدر،عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے۔
وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ خواتین سے یہی اپیل اور امید ہے کہ کسی بھی احتجاج کے دوران عزت واحترام کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے، احتجاج کے دوران فورسز کے ساتھ اپنی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے رویہ اختیار کیا جائے۔
میرضیااللہ لانگو نے مزید کہا کہ ایسے کسی عمل کا اجازت نہیں دے سکتے کہ احتجاج کی آڑ میں ریاستی رٹ کو چیلنج، سرکاری املاک کو نقصان اورعام عوام کو تکلیف دی جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News