
ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کا وزیراعظم ہاؤس میں پرتپاک استقبال؛ گارڈ آف آنر پیش
اسلام آباد: ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب ہوئی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ انور ابراہیم وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور کابینہ اراکین سے تعارف کروایا۔
مسلح افواج کے دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ انور ابراہیم نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔
وزیراعظم کا پاک ملائیشیا تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور
قبل ازیں وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے جاری کردہ پیغام میں ملائیشین ہم منصب کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کو گہرا کرنے پر ملائیشیا کے وزیراعظم کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کے منتظر ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کا دورہ پاکستان امن، خوشحالی اور علاقائی ترقی کے لئے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان اور ملائیشیا دونوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کے لئے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیراعظم اپنے 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News