بھارتی صنعت کار رتن ٹاٹا کی موت کے بعد ان کا جانشین کون ہوگا؟ اعلان ہوگیا
بھارتی صنعت کار رتن ٹاٹا کی موت کے بعد ان کے جانشین کا اعلان ہوگیا ہے۔
بھارت کے 86 سالہ معروف صنعت کار رتن ٹاٹا 9 اکتوبر کی رات ممبئی میں اس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے جب کہ ان کی آخری رسومات گذشتہ روز ادا کردی گئی ہیں۔
ممبئی میں ورلی کے پارسی شمشان گھاٹ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں جب کہ ممبئی پولیس نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
آخری رسومات کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد کے ساتھ بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ، مہاراشترا کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور بھارتی وزیر تجارت پیوش گوئل بھی موجود تھے۔
رتن ٹاٹا کی موت کے ساتھ ہی ان کے جانشین کے حوالے سے کئی خبریں زیر گردش تھیں تاہم اب ان کے جانشین کا اعلان سامنے آگیا ہے۔
ٹاٹا گروپ نے رتن ٹاٹا کے نئے جانشین کا انتخاب کیا ہے، جمعہ کو ٹاٹا ٹرسٹ کی میٹنگ میں ان کے سوتیلے بھائی نوئل ٹاٹا کو متفقہ طور پر ٹاٹا ٹرسٹ کا نیا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔
نوئل ٹاٹا گزشتہ 40 سالوں سے ٹاٹا گروپ سے منسلک ہیں جب کہ وہ پہلے ہی ٹاٹا ٹرسٹ سے وابستہ ہیں اور ٹرسٹ کے کاموں میں فعال کردار بھی ادا کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ رتن ٹاٹا کے والد نیول ٹاٹا نے دو شادیاں کی تھیں، نیول ٹاٹا کی دوسری شادی سائمن ٹاٹا سے ہوئی اور نوئل ٹاٹا انہیں کے بیٹے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
