
ایس سی او سمٹ؛ چینی وزیراعظم لی چیانگ کی پاکستان آمد، پرتپاک استقبال
اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لئے عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ 11 سال بعد 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
نور خان ایئر بیس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے چینی ہم منصب کا استقبال کیا اور انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی جبکہ چینی وزیراعظم کے ساتھ وزراء اور سینیئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم نے نورخان ایئر بیس پر معزز مہمان کا پُرتپاک خیر مقدم کیا اور ثقافتی لباس میں ملبوس بچوں نے چین کے وزیراعظم کو پھول پیش کیے۔
پاکستان چین کا ہر موقع پر ساتھ دینے والا آہنی بھائی ہے، چینی وزیراعظم
پاکستان آمد کے بعد چینی وزیراعظم لی چیانگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہبازشریف کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت پر خوشی ہوئی، ایس سی اوسربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے آمد پرخوشی ہوئی،پاکستان بھی اپنی اصلاحات، ترقیاتی کاوشوں کیلئے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کا ہر موقع پر ساتھ دینے والا آہنی بھائی ہے، جہاز سے نکلتے ہی گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، چینی عوام پاکستان اور پاکستانی عوام سے محبت کرتے ہیں۔
اس موقع پر چینی وزیراعظم لی چیانگ 4 روزہ سرکاری دورے میں ایس سی او سربراہان حکومت کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، پاک چین وزرائے اعظم کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں دوطرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی، دونوں وزرائے اعظم باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
علاوہ ازیں پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے مرحلے اور جاری منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیں گے جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان دونوں وزرائے اعظم کی موجودگی میں 16 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے، چینی وزیراعظم اسلام آباد سے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کریں گے۔
چینی وزیراعظم کی صدر آصف علی زرداری، پارلیمانی رہنماؤں اور اعلی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، وزیراعظم شہباز شریف چینی ہم منصب کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے جبکہ صدر مملکت کی جانب سے وزیراعظم لی چیانگ کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 16 اکتوبر کو چینی وزیراعظم ایس سی او سمٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News