Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:
Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کنڈی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے درمیان اہم ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔

دونوں رہنماﺅں کے درمیان صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور صوبائی حکومت کی عدم توجہ، معاشی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں مشغولیت، صوبے میں دانش سکول کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کے حوالے سے موجودہ صورتحال، اس میں بہتری کے لئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں رہنماﺅں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر اطلاعات نے صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کو انتشاری سیاست سے دور رکھنے اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

دونوں رہنماﺅں کے درمیان صوبے میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں  دانش اسکول کے قیام اور معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے، خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بحالی وفاق کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام ہمارے بھائی ہیں، ان کی فلاح و بہبود وفاق کی اولین ترجیح ہے، خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کے حق سے محروم نہیں کیا جائے گا، خیبر پختونخوا میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔

ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا حب بنانے اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ماتحت اداروں میں ہونے والی جدت اور مثبت تبدیلیوں کو خوش آئند قرار دیا۔

ملاقات میں خیبرپختونخوا میں تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز بھی زیرِ بحث آئیں۔