شاہین آفریدی کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کی وجہ سامنے آگئی
قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔
قومی فاسٹ بولر نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 7 وکٹیں حاصل کیں تھی اور پاکستان کی کامیابی میں بھی ان کا اہم کردار رہا تھا۔
تاہم ون ڈے سیریز میں غیر معمولی پرفارمنس کے باجود بھی قومی فاسٹ بولر کو ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکواڈ کے اعلان سے قبل ایک سلیکٹر کی جانب سے مبینہ طور پر شاہین آفریدی کو فون کرکے چار روزہ میچ میں شرکت کی ہدایت کی گئی تھی لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر وہ اس ہدایت پر عمل نہیں کرسکے۔
میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے شاہین آفریدی کو ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر رکھنے کی ایک اہم وجہ ان کا انکار ہے جس کو سلیکٹر نے نافرمانی سے تعبیر کیا اور پھر انہیں اسکواڈ سے خارج کردیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سلیکٹر کی جانب سے اسی طرح کی ہدایت قومی بیٹر بابر اعظم کو بھی دی گئیں تھیں جب کہ انہوں نے بھی اس ہدایت پر عمل نہیں کیا لیکن اس کے باوجود بھی انہیں اسکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
شاہین آفریدی کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ قومی فاسٹ بولر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں جب کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہونے پر انہیں شدید مایوسی ہوئی ہے۔
دوسری جانب حکام کی جانب سے شاہین آفریدی کو اسکواڈ سے باہر رکھنے کی وجہ ورک لوڈ مینجمنٹ کو قرار دیا گیا ہے لیکن ساتھ ہی انہیں بنگلادیش پریمیئر لیگ کھیلنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ شاہین آفریدی 30 دسمبر سے شروع ہونے والی بی بی ایل میں فارچیون باریشال کی نمائندگی کریں گے جب کہ اس دوران وہ ٹورنامنٹ میں 5 میچز کھیلیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
