ڈپلومیٹک فورم فار سوشل اکنامک فاؤنڈیشن کی جانب سے آٹھویں سفارتی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ایوارڈ 2024ء کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں چین، امریکہ، برطانیہ، فرانس، اٹلی، مشرق وسطیٰ، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کے سفارت کاروں نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ تقریب خوش آئند ہے، اور اس کی تنظیم پر میں ڈپلومیٹک فورم فار سوشل اکنامک فاؤنڈیشن کی نمایاں کاوشوں سے متاثر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے متعدد تعمیری اقدامات کیے ہیں اور ہم بہتر سرمایہ کاری پالیسیوں پر عمل درآمد جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مشترکہ لائحہ عمل سے مطلوبہ اقتصادی ترقی حاصل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے ڈوئنگ بزنس ریفارم اسٹریٹیجی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکمت عملی پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے قومی روڈ میپ کا کام کرتی ہے، اور ہم صوبائی و وفاقی سطح پر اصلاحاتی اقدامات پر کام کر رہے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اصلاحات ریگولیٹری تبدیلیوں، ٹیکنالوجی کو بڑھانے اور عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کی صلاحیت کو بڑھانے پر مرکوز ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کاروبار شروع کرنے اور چلانے کے عمل کو آسان بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار کو سراہا، اور کہا کہ چین، امریکہ، برطانیہ، فرانس، اٹلی، مشرق وسطیٰ اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک کی ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان خصوصاً سندھ میں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کمپنیاں انسانی اور سماجی ترقی کے اشاریوں کو بہتر بنانے کے لیے بھی تعاون کر رہی ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے پاکستان میں غیر ملکی سفارت کاروں کے مثبت کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سفارتکاروں نے ملٹی نیشنل کمپنیوں کو پاکستان اور سندھ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لیے نمایاں کوششیں کی ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سندھ ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لیے انتہائی پرکشش اور محفوظ ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
