وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت اڑان پاکستان ایکشن پلان پر مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام وزارتوں کے سیکرٹریز، چیف، پروجیکٹ ڈائریکٹرز، اور وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ ہر وزارت اڑان پاکستان کے تحت اپنے اہداف کی ترجیحات طے کرے اور سینئر افسر (فوکل پرسن) نامزد کرے، جو ان اہداف کے حصول کے لیے مستقل رابطے میں رہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام وزارتیں معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے تین کلیدی عناصر کی نشاندہی کریں اور اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کریں۔
اجلاس کے دوران احسن اقبال نے زور دیا کہ اڑان پاکستان کا مقصد پائیدار ترقی اور تیز رفتار معاشی اہداف کا حصول ہے۔
معیشت کو طویل مدتی ترقی کے لیے ایکسپورٹ لیڈ گروتھ پر منتقل کرنا ضروری ہے، اور اس ضمن میں ایکسپورٹ گروتھ کو 100 ارب ڈالر تک لے جانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم کے پیش کردہ 5 نکاتی ایجنڈا، تعلیم، صحت، جدید ٹیکنالوجی، گرین انرجی، اور اخلاقیات ملکی ترقی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
آبادی کنٹرول، معیاری تعلیم، اور صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے فوری اقدامات کیے جانے چاہییں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے ہمیشہ ایکسپورٹ گروتھ کے ذریعے ترقی کی منازل طے کیں، اور پاکستان کو بھی اس سمت میں اپنی حکمت عملی ترتیب دینی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اڑان پاکستان کے اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، جبکہ وفاقی و صوبائی سطح پر پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے نشاندہی کی کہ بدترین بدانتظامی کے باعث 2022 میں شدید معاشی عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ 2018 میں پی ایس ڈی پی 1100 ارب روپے تھی، جو 2022 میں 400 ارب روپے تک محدود ہوگئی تھی، لیکن موجودہ حکومت نے پی ایس ڈی پی کی بحالی کے ذریعے معیشت کو دوبارہ استحکام کی راہ پر گامزن کیا۔
اجلاس میں صوبوں کے ساتھ اشتراک کے لیے ورکشاپس منعقد کرنے اور حکومتی اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ ماضی میں سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں میں تسلسل کی کمی ترقیاتی اہداف کی راہ میں رکاوٹ بنی، لیکن حکومت اب ان مسائل پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
