سندھ رینجرز کی کارروائی؛ سرجانی ٹاؤن سے اغواء برائے تاوان میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
پاکستان رینجرز (سندھ) اور اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے گلشن نور سرجانی ٹاؤن سے اغواء برائے تاوان میں ملوث 2 ملزمان وسیم رضا اور نکس کو گرفتار کر کے مغوی خاتون کی نعش برآمد کر لی جسے ملزمان نے تاوان کی غرض سے اغواء کرنے کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) کو اطلاع موصول ہوئی کہ چند اغواء کاروں نے ایک سحر فاطمہ نامی خاتون کو کراچی کے علاقے گلبرگ ٹاؤن سے اغواء کرکے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کر رہے ہیں جس پر پاکستان رینجرز (سندھ) اور اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اغواء کاری میں ملوث 2 ملزمان وسیم رضا اور نکس کو گلشن نور سرجانی ٹاؤن سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ 15 فروری 2025 کو ملزمان نے سحر فاطمہ نامی خاتون کو تاوان کی غرض سے اغواء کر کے حسن بروہی گوٹھ سرجانی ٹاؤن میں ایک کرائے کے مکان میں رکھا اور مغوی خاتون کے ہاتھ پاؤں باندھ کر ویڈیو بنا کر مغویہ کے والد کو بھجوائی اور ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا۔ تاوان نہ ملنے کی صورت میں ملزمان نے مغوی خاتون کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
ملزمان کی نشاندہی پر مغویہ خاتون کی لاش حسن بروہی گوٹھ میں واقع ایک گھر سے برآمد کر لی۔
نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ یوسف پلازہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں درج ہے۔
گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
