وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں قومی کرکٹ ٹیم کی شکست اور ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر وزیراعظم شہباز شریف ذاتی طور پر نوٹس لیں گے اور اس معاملے کو کابینہ اور پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔
نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایک آزاد ادارہ ہے، جو چاہے کرسکتا ہے، تاہم وہ ذاتی طور پر وزیراعظم شہباز شریف سے اس مسئلے کو کابینہ اور پارلیمنٹ میں اٹھانے کی درخواست کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ صرف کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی تقرری تک محدود نہیں ہے۔
پی سی بی میں اعلیٰ عہدیداروں کی تنخواہوں اور مراعات کے حوالے سے رانا ثناء اللہ نے میڈیا کو بتایا کہ کئی بورڈ افسران کو 50 لاکھ روپے تک کی ماہانہ تنخواہ دی جارہی ہے، حالانکہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے لاعلم ہیں اور ان کی کارکردگی پر کوئی سوال نہیں اُٹھایا جاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ کے افسران کی مراعات اتنی زیادہ ہیں کہ ان کے بارے میں سن کر کوئی بھی یہ سوچے گا کہ وہ پاکستانی ادارے کے اہلکار ہیں یا کسی ترقی یافتہ ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی سی بی میں یہ مسائل طویل عرصے سے جاری ہیں، جہاں طاقتور افراد بورڈ میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہیں اور اپنی مرضی کے فیصلے کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی حالت مسلسل خراب ہوتی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی 29 سال بعد کر رہا تھا، مگر قومی ٹیم ایونٹ کے چوتھے روز ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
پہلے میچ میں نیوزی لینڈ اور دوسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم کو آج بنگلادیش کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلنا تھا مگر بارش کے باعث یہ میچ منسوخ کر دیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
