وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج کے تحت اس بار مستحقین کو براہ راست کیش ٹرانسفر کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو فی کس 5 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر کے مطابق اس کیٹگری میں شامل آبادی تقریباً 2 کروڑ کے قریب ہے، اور وہ افراد اہل ہوں گے جو بی آئی ایس پی یا کسی دیگر وفاقی ادارے سے مالی معاونت نہیں لے رہے۔ مزید برآں، 32 پی ایم ٹی اسکور سے کم والے افراد اس کیش ٹرانسفر پروگرام کے لیے اہل قرار پائیں گے۔
رانا تنویر حسین نے وضاحت کی کہ گزشتہ سال یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے دی گئی سبسڈی کا تجربہ کامیاب نہیں رہا تھا، کیونکہ وہاں بدانتظامی اور ناقص معیار کی شکایات موصول ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو بھی اس حوالے سے کئی شکایات موصول ہوئیں، جس کے بعد اس سال شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے براہ راست کیش ٹرانسفر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں اپنا مالیاتی ماڈل بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور مینوفیکچررز و ملز مالکان سے زیادہ تعداد میں اشیاء خرید کر رعایت حاصل کرنے کا کہا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز نے بغیر سبسڈی کے اشیاء پر 15 فیصد رعایت دینے کا وعدہ کیا ہے، جبکہ کوالٹی چیک کے بعد معلوم ہوا کہ اسٹورز پر موجود اشیاء کا معیار بہتر اور قیمتیں بازار سے کم ہیں۔
وفاقی وزیر نے یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے، خاص طور پر چینی کی قیمت میں کمی کی جائے، تاکہ عوام کو معیاری اور سستی اشیاء دستیاب ہو سکیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
