
دہشتگرد حملے کے بعد آرمی چیف کا دورہ بنوں؛ زخمی جوانوں کی عیادت
راولپنڈی: بنوں کنٹونمنٹ میں دہشت گرد حملے کے بعد آرمی چیف نے دورہ کیا جس موقع پر انہوں نے زخمی جوانوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی بہادری اور عزم کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بنوں کنٹونمنٹ کا دورہ کیا، جہاں 4 مارچ کو سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے حملہ ناکام بنادیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو علاقے میں جاری آپریشنز اور مجموعی سیکیورٹی کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) بنوں کا بھی دورہ کیا اور زخمی فوجیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے غیر متزلزل عزم اور حوصلے کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ریاست کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرتی رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے اس گھناؤنے اور بزدلانہ واقعے میں شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے انہیں یقین دلایا کہ حملے کے گھناؤنے کرداروں کو بہادر جوانوں نے فوری کارروائی کرکے انجام تک پہنچایا تاہم اس گھناؤنے حملے کے منصوبہ ساز اور سہولت کار جہاں بھی ہوں گے انہیں بھی جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا مزید بتانا تھا کہ آرمی چیف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بچوں، خواتین اور بوڑھوں سمیت شہریوں کو وحشیانہ نشانہ بنانے سے خوارج کے اسلام کے دشمنی کے حقیقی عزائم بے نقاب ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد ناگزیر ہے، مسلح افواج پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے حملہ آوروں کو ناکام بنانے اور ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے جرات مندانہ، فوری اور فیصلہ کن ردعمل کو بھی سراہا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News