
پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں شکست ؛ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز بھی نیوزی لینڈ کے نام
نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آخری میچ ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔
بارش کے باعث میچ کو 42 اوورز تک محدود کردیا گیا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز کا ہدف دیا۔
کپتان مائیکل بریسویل 59 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ ڈیرل مچل 43 اور ہینری نکلز نے 31 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید نے 4، نسیم شاہ نے 2 جب کہ فہیم اشرف اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں اوپنرز نے پاکستان کو 73 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن پوری ٹیم 40 ویں اوور میں 221 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
بابر اعظم 50 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے، کپتان محمد رضوان نے 37 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عبد اللہ شفیق اور طیب طاہر 33، 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
علاوہ ازیں کوئی بھی کھلاڑی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کرسکا عثمان خان 12، سلمان آغا 11، فہیم اشرف 3، نسیم شاہ 17، صفیان مقیم 2 اور محمد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بین سیئرز نے 5 اور جیکب ڈفی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک ایک وکٹ مائیکل بریسویل، محمد عباس اور ڈیرل مچل کے حصے میں آئی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے دو میچز میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی جب کہ اس سے قبل پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی 4-1 سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News