
’’دو کشتیوں پر سوار نہیں ہوا جاسکتا‘‘، شاہد آفریدی کا محسن نقوی کو ایک عہدہ چھوڑنے کا مشورہ
اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دو اہم عہدوں کی بیک وقت ذمہ داریاں نبھانے کے بجائے کسی ایک کو چُن لیں تاکہ بہتر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔
شاہد آفریدی نے یہ بات حالیہ دنوں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد کہی جس دوران انہوں نے جنرل منیر کی والدہ کے انتقال پر تعزیت بھی کیا۔
آفریدی کا کہنا تھا کہ محسن نقوی بیک وقت پی سی بی چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں جو ان کے لیے دونوں شعبوں میں بھرپور توجہ دینے میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔
انہوں نے کہا ’’میری رائے میں ایک وقت میں دو اہم ذمہ داریاں سنبھالنا کسی بھی شخص کو مکمل فوکس کرنے سے روکتا ہے۔ آپ کو وزارت داخلہ اور کرکٹ بورڈ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا چاہیے تاکہ آپ مکمل دلجمعی سے کام کر سکیں‘‘۔
شاہد آفریدی نے محسن نقوی کی کرکٹ کے لیے خدمات اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ کرکٹ کی بہتری کے لیے پرعزم ہیں مگر دونوں ذمہ داریاں ایک ساتھ سنبھالنا ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا ’’ایک وقت میں دو کشتیوں پر سوار نہیں ہوا جاسکتا، بہتر ہوگا کہ وہ صرف ایک شعبے پر توجہ دیں تاکہ پاکستان کو زیادہ فائدہ ہو‘‘۔
ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی نے جنرل عاصم منیر سے گفتگو میں اس بات پر بھی زور دیا کہ کرکٹ پاکستانی عوام کے لیے ایک اہم تفریحی ذریعہ ہے اور محسن نقوی کی نیت نیک ہے تاہم بیک وقت دو بڑے عہدے سنبھال کر وہ کسی میں بھی مکمل کامیابی حاصل نہیں کرسکیں گے۔
شاہد آفریدی کہتے ہیں ’’کرکٹ ایک کل وقتی کام ہے اور دونوں ذمہ داریاں بہت بھاری ہیں ان پر مکمل توجہ دینا ناممکن ہے‘‘۔
واضح رہے کہ محسن نقوی کو حال ہی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا صدر منتخب کیا گیا ہے اور وہ 2008 کے بعد اس منصب پر پہنچنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ وہ باضابطہ طور پر 3 اپریل 2025 کو اس عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News