
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ کہ بھارت، امریکہ نہیں اور پاکستان، افغانستان نہیں، بھارت اسرائیل نہیں اور ہم فلسطین نہیں، ہم امن پسند قوم ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے ترکیہ کی معروف انادولو نیوز ایجنسی کو ایک اہم انٹرویو میں پاکستان کی داخلی سلامتی، بھارتی مداخلت اور خطے میں حالیہ کشیدگی سے متعلق واضح مؤقف پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت دنیا کا سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ملک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوری 2024 سے اب تک ملک میں 3700 سے زائد دہشت گرد حملے ہو چکے ہیں جن میں 3896 افراد جان کی بازی ہار چکے، جن میں 1314 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ اس عرصے میں 2500 سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے اور کئی نے اپنے اعضاء کھو دیے۔
بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی اور پشت پناہی بھارتی ریاست کر رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے دہشت گرد تنظیموں کو مالی اور عسکری مدد فراہم کر رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والی بلوچ علیحدگی پسند تنظیم (بی ایل اے) نے کھلے عام بھارت سے فوجی مدد کی درخواست کی، اور بھارتی سیاست دانوں، سابق جرنیلوں نے اس تنظیم کی حمایت میں بیانات دیے۔
کشمیر، بھارت اور علاقائی امن
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور بھارت وہاں ظلم و جبر کے ذریعے اسے اندرونی مسئلہ بنانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت، امریکہ نہیں اور پاکستان، افغانستان نہیں، بھارت اسرائیل نہیں اور ہم فلسطین نہیں۔ ہم امن پسند قوم ہیں، لیکن اگر بھارت نے جارحیت کی تو پاکستان کا جواب تیز، مؤثر اور بھرپور ہوگا۔
بھارتی الزام تراشیاں اور حقائق
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا مگر کوئی بھی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے نئی دہلی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے دہشت گردی کا بیانیہ گھڑتی ہے۔
بھارتی جنگی طیاروں کی تباہی
ڈی جی آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے، جن میں تین رافیل بھی شامل تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت کے طیارے تباہ کیے گئے لیکن نئی دہلی ان حقائق کو تسلیم کرنے سے انکار کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News