وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-2024 کے لیے بجٹ 10 جون کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق فنانس بل کی تیاری میں مزید وقت درکار ہے، جس کے باعث بجٹ پیش کرنے کی تاریخ کو معمولی تاخیر کے ساتھ طے کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ کی تیاری کے دوران عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری مشاورت کے بعد بعض اہم بجٹ اہداف پر نظرثانی کی جائے گی۔
پہلے سے طے شدہ اہداف میں رد و بدل کا امکان ہے تاکہ بجٹ کو بین الاقوامی تقاضوں اور معیشت کی موجودہ صورت حال سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کا وفاقی بجٹ سے ترقیاتی منصوبے ختم کرنے کا مطالبہ
ذرائع وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ تاحال وفاقی بجٹ کے مجموعی حجم، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے محصولات کے ہدف اور دفاعی بجٹ کی حتمی رقم کا تعین نہیں کیا جا سکا۔
ان نکات پر اعلیٰ سطح پر مشاورت جاری ہے، اور آئندہ چند روز میں حتمی اعداد و شمار مرتب کیے جائیں گے۔
اقتصادی کارکردگی کے اعداد و شمار پر مشتمل سالانہ اقتصادی سروے 9 جون کو جاری کیا جائے گا، جو کہ بجٹ سے قبل ملکی معیشت کی مکمل تصویر پیش کرے گا۔
یاد رہے کہ آئندہ بجٹ کو آئی ایم ایف کی شرائط، مہنگائی، زرمبادلہ کے ذخائر، محصولات میں اضافے اور سماجی تحفظ کے اقدامات کے تناظر میں ایک مشکل بجٹ قرار دیا جا رہا ہے، جس پر مختلف اسٹیک ہولڈرز کی گہری نظر ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
