
تہران: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے جب کہ ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطااللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی شامل ہیں۔
تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پہنچنے پر ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی، ایران میں پاکستان کے سفیر رضا امیری مقدم اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مدثر ٹیپو نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
اس موقع پر ایرانی فوج کے چاک و چوبند دستے نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو سلامی پیش کی۔ وزیرِ اعظم اپنے دورے کے دوران سعدآباد پیلس میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کریں گے۔
ملاقات سے قبل وزیرِ اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا جسے پاکستان ٹیلی ویژن براہِ راست نشر کرے گا۔
ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، علاقائی و عالمی امور اور بھارت کی جانب سے پاکستان پر مسلط کردہ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ایران کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کریں گے، جہاں اہم علاقائی امور اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی جائے گی۔
دورے کے اختتام پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنے پاکستانی ہم منصب کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی دیں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News