
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے مردوں کے انٹرنیشنل کرکٹ فارمیٹس کے لیے کھیل کے قوانین میں کئی بڑی تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں، جن میں سے کچھ قواعد رواں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (2025-27) سے نافذ ہو چکے ہیں۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کے مطابق سفید بال کی کرکٹ کے لیے تبدیلیاں 2 جولائی 2025 سے مؤثر ہوں گی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں اسٹاپ واچ کا اطلاق
آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ میں سست اوور ریٹ پر قابو پانے کے لیے اسٹاپ کلاک کا اطلاق کر دیا ہے۔ اب فیلڈنگ ٹیم کو ہر اوور کے اختتام کے بعد اگلے اوور کے آغاز کے لیے 60 سیکنڈ کا وقت دیا جائے گا۔
تاخیر کی صورت میں پہلی دو بار وارننگ دی جائے گی، اور تیسری بار پانچ رنز کی پنالٹی عائد کی جائے گی۔ ہر 80 اوورز کے بعد وارننگ ری سیٹ ہو جائے گی۔
تھوک لگانے پر نیا اصول، بال تبدیل کرنا ضروری نہیں
اگرچہ گیند پر تھوک اب بھی ممنوع ہے، مگر آئی سی سی نے واضح کر دیا ہے کہ اب امپائرز کے لیے گیند تبدیل کرنا لازمی نہیں رہا۔
اگر گیند کی حالت بہت زیادہ متاثر نہیں ہوئی تو وہ برقرار رکھی جا سکتی ہے۔ تاہم اگر کسی ٹیم نے جان بوجھ کر بال تبدیل کروانے کی نیت سے تھوک لگائی تو بیٹنگ ٹیم کو پانچ رنز کا انعام ملے گا۔
ڈی آر ایس میں نئی جہت: دوسری اپیل پر بھی آؤٹ ہو سکتا ہے
اب اگر کوئی بلے باز کیچ آؤٹ پر ریویو لے اور وہ مسترد ہو جائے لیکن گیند پیڈ پر لگی ہو، تو ٹی وی امپائر LBW کے لیے بھی جائزہ لے گا۔ نئی رولنگ کے مطابق، اگر بال ٹریکنگ پر امپائرز کال بھی ہو تو بلے باز آؤٹ قرار پائے گا، کیونکہ اصل فیصلہ آؤٹ تھا۔
مشترکہ اپیلز کا نیا طریقہ کار: واقعے کی ترتیب کے مطابق فیصلہ
اگر کسی گیند پر LBW اور رن آؤٹ دونوں اپیلز ہوں، تو امپائرز اب واقعات کے تسلسل کے مطابق فیصلے کریں گے۔ پہلے اس اپیل پر فیصلہ ہوگا جو پہلے ہوئی، اور اگر بلے باز آؤٹ قرار پاتا ہے تو گیند مردہ تصور ہو گی، دوسری اپیل پر غور نہیں ہوگا۔
نو بال پر بھی کیچ کا جائزہ لیا جائے گا
اگر کوئی گیند نو بال ہو اور اس پر کیچ کی صورت مشکوک ہو، تو اب ٹی وی امپائر کیچ کی درستگی بھی چیک کرے گا۔ اگر کیچ درست ہے تو بیٹنگ ٹیم کو صرف نو بال کا ایک رن ملے گا، ورنہ رنز برقرار رکھے جائیں گے۔
جان بوجھ کر شارٹ رن کی سزا میں نیا اضافہ
اب اگر بلے باز دانستہ طور پر شارٹ رن لے تو پانچ رنز کی سزا برقرار رہے گی، لیکن فیلڈنگ ٹیم کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ طے کرے کون بلے باز اگلی گیند کا سامنا کرے گا۔
فرسٹ کلاس کرکٹ میں فل ٹائم سبسٹیٹیوٹ
آئی سی سی نے مقامی فرسٹ کلاس کرکٹ میں مکمل کھلاڑی کی جگہ لینے والے متبادل کو آزمائشی طور پر اجازت دے دی ہے۔
یہ متبادل صرف ظاہر اور سنجیدہ جسمانی چوٹ کی صورت میں ہوگا، جیسا کہ کنکشن سبسٹیٹیوٹ ہوتا ہے۔ معمولی چوٹ جیسے ہیمسٹرنگ یا کھچاؤ پر یہ قانون لاگو نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News