
ملک بھر میں آج یومِ بحریہ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یہ دن 1965ء کی جنگ میں پاک بحریہ کی شاندار کامیابیوں کی یاد تازہ کرنے اور سمندری سرحدوں کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ہر سال 8 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔
یومِ بحریہ دراصل اُس تاریخی رات کی یاد دلاتا ہے جب 7 اور 8 ستمبر 1965ء کی درمیانی شب، پاک بحریہ نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔
آپریشن سومنات کے تحت پاکستانی جنگی جہازوں نے بھارت کے نیول بیس دوارکا پر کامیاب حملہ کیا، جس نے دشمن کو ہلا کر رکھ دیا۔
اس آپریشن میں پاک بحریہ کے سات جنگی جہاز پی این ایس بابر، خیبر، بدر، جہانگیر، عالمگیر، شاہجہان اور ٹیپو سلطان نے حصہ لیا، صرف چار منٹ میں بھارتی نیول بیس شعلوں کی لپیٹ میں آگیا اور پاک بحریہ کی شدید بمباری کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کا ریڈار سسٹم بھی تباہ ہو گیا۔
پاکستانی نیول فورس کے اس دلیرانہ حملے نے بھارتی بحریہ کے حواس باختہ کر دیے۔ دشمن کے دو جنگی جہاز “میسور” اور “تلوار” جو قریبی سمندری حدود میں موجود تھے، حملے کے دوران مدد کے لیے حرکت میں آنے کی ہمت تک نہ کر سکے۔
جنگ کے باقی دنوں میں بھارتی نیوی کے جنگی جہاز خوف کے باعث بندرگاہوں تک محدود ہو کر رہ گئے۔ پاک بحریہ کی یہ فیصلہ کن کارروائی آج بھی ایک مثالی عسکری حکمتِ عملی کے طور پر یاد رکھی جاتی ہے۔
یومِ بحریہ، قوم کے اُن ہیروز کو یاد کرنے اور اُن کی قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے، جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر مادرِ وطن کی سمندری حدود کا دفاع کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News