
چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں طوفان “تافاہ” کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد بڑے پیمانے پر انخلا، تعلیمی اداروں کی بندش اور فضائی نظام متاثر ہوا ہے۔
سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پیر کی صبح طوفان نے شہر تائیشان سے ٹکرایا، جہاں شدید بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
گوانگ ڈونگ کے محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے، جو چین کے چار درجے والے وارننگ سسٹم میں تیسرا بلند ترین الرٹ ہے۔
طوفان کے پیشِ نظر جنوبی چین بھر سے تقریباً 60 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق طوفان کی رفتار 108 کلومیٹر فی گھنٹہ (67 میل فی گھنٹہ) تک ریکارڈ کی گئی۔
گوانگ ڈونگ کے ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے تمام بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ پارک، ساحل اور تفریحی مقامات بند کر دیے گئے ہیں۔
شہر تائیشان میں ایک لاکھ 20 ہزار طلباء کے اسکول اور کنڈرگارٹن بند کر دیے گئے، جب کہ شہر جیانگ من سے 41 ہزار افراد کا انخلا کیا گیا۔ چینی میڈیا کے مطابق صرف تائیشان میں 3,300 ایمرجنسی اہلکار الرٹ پر ہیں۔
دیگر جنوبی شہروں، جیانگ من، ماومنگ اور ژوہائی نے بھی طوفانی وارننگ جاری کرتے ہوئے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہانگ کانگ میں سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئیں اور ہزاروں مسافر ایئرپورٹ پر پھنس کر رہ گئے۔ قریبی علاقہ مکاؤ، جو ایک مشہور کیسینو مرکز ہے، نے بھی اسکول، ٹرانسپورٹ اور ٹیکسیاں بند کر دیں اور فضائی آمدورفت میں رکاوٹ کی اطلاع دی ہے۔
ہانگ کانگ کے مغربی شہر یانگ جیانگ میں 26 آف شور ونڈ پلیٹ فارمز سے 1,785 ورکرز اور فش فارمز سے 2 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق “تافاہ” شمال مغرب کی جانب بڑھے گا اور بتدریج اپنی شدت کھو دے گا۔ تاہم، مزید بارش اور تیز ہواؤں کے امکانات برقرار ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News