
کراچی: شہر قائد میں وقفے وقفے سے جاری طوفانی بارش کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کی سنگین صورتحال پیدا ہو گئی، شدید بارشوں کے باعث تھڈو ڈیم اوورفلو کر گیا جبکہ ملیر اور لیاری ندیوں میں طغیانی کے باعث پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا۔
بارش کا پانی سعدی ٹاؤن، اسکیم 33، ملیر، سہراب گوٹھ، خمیسو گوٹھ، مچھر کالونی، ایم نائن اور دیگر علاقوں میں داخل ہو گیا، جس کے باعث شہریوں کو نقل مکانی کرنا پڑی۔ ملیر اور لیاری ندی میں پانی کی سطح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
ریسکیو آپریشن: فوج، رینجرز اور 1122 متحرک
ریسکیو 1122، پاک فوج اور رینجرز اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ سعدی ٹاؤن سے 11 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔

رینجرز اہلکار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید فورس تعینات کی جائے گی۔
میئر کراچی کا دورہ، شدید صورتحال کا اعتراف
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات بھر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران کہا کہ ملیر ندی میں پانی کے بہاؤ کا ایسا دباؤ پہلے کبھی نہیں دیکھا، آج کا دن چیلنج ہے لیکن انتظامیہ مکمل متحرک ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے تصدیق کی کہ اب تک 200 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے اور شہر کے مختلف مقامات پر فوجی اہلکار موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھڈو ڈیم کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھنے اور عوام کو آگاہ رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
ان کی ہدایت پر خمیسو گوٹھ اور ملیر میں کیے گئے ریسکیو آپریشن میں ایک بہتی ہوئی گاڑی سے 4 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
اسکول بند، چھٹی کا اعلان
شہر میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث آج تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا۔
کمشنر کراچی کے مطابق اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ متعدد نجی اسکولز نے والدین کو رات ہی واٹس ایپ کے ذریعے مطلع کر دیا تھا۔
مزید بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم اب بھی سندھ پر اثر انداز ہو رہا ہے اور اگلے 8 سے 9 گھنٹوں میں کمزور ہو کر بلوچستان کے ساحل پر ختم ہونے کا امکان ہے۔ تیز بارش برسانے والے بادل کراچی کے شمال میں موجود ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں آج بھی وقفے وقفے سے درمیانی سے موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں مزید کتنی بارش، سسٹم کمزور یا طاقتور؟ جانیے مکمل تفصیل
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News