
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا خودکش حملہ ناکام بنا دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے اور گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش کر رہے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ دھماکے اور فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، زرغون روڈ کے قریب قریبی عمارتوں کے شیشے اور دروازے ٹوٹ گئے۔
پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں جبکہ ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
صدرِ مملکت کی خودکش حملے کی مذمت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں فتنہ الخوارج کے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج اور بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔
صدر نے سیکیورٹی فورسز کو بروقت اور مؤثر کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور زخمی ایف سی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
مزید پڑھیں: فتنہ الہندوستان کا دہشتگرد افغانستان میں پراسرار طور پر ہلاک
انکا کہنا تھا کہ بھارت نواز شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے، پاکستان دشمن قوتوں کی مایوسی ان کی ناکامی اور انجامِ بد کی علامت ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ عالمی اور علاقائی منظرنامہ پاکستان مخالف ریاستوں اور ان کی پراکسیز کے خلاف تبدیل ہو رہا ہے، اس لیے وہ مایوسی اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان، اس کے عوام اور اس کی سیکیورٹی فورسز ان شاءالّلہ غالب آئیں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News