
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط، متحد، مستحکم، خوشحال اور پر امن افغانستان کے قیام کیلئے معاونت جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ حنیف اتمارسے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ حنیف اتمار سے ٹیلیفونک رابطہ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے ،دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال کیا۔
اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے افغان ہم منصب کو افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان ایک اہم ہمسایہ کے طور پر افغانستان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ موجودہ وبائی صورتحال کے پیش نظر، پاکستان نے افغانستان کی درخواست پر افغان باشندوں اور مال بردار کنٹینرز کی نقل و حرکت کیلئے بہت سے اقدامات کئے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ توقع ہے کہ پاک افغان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اے پیپس کا اگلا اجلاس جلد منعقد ہو گا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ افغان قیادت کے پاس ایک نادر موقع ہے کہ وہ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لا سکتے ہیں جبکہ پاکستان ایک مضبوط، متحد، مستحکم، خوشحال اور پر امن افغانستان کے قیام کیلئے معاونت جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News