
امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے غزہ پر تازہ ترین اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ محض نسل کشی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق امیر قطر نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔
شوریٰ کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ قطر نے کہا کہ عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرے اور نسل کشی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کی جاری تباہی کے باوجود مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔
امیرِ قطر نے اسرائیل کی تمام خلاف ورزیوں اور مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کو ناقابلِ رہائش بنانا، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رکھنا، مغربی کنارے میں بستیاں بڑھانا اور مسجدِ اقصیٰ کے تقدس کو یہودی رنگ دینے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی کھلی توہین ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ پٹی، متحدہ فلسطینی ریاست کا لازمی اور اٹوٹ حصہ ہے۔
گزشتہ ماہ دوحہ پر اسرائیلی حملے کا حوالہ دیتے ہوئے امیرِ قطر نے کہا کہ اسرائیل نے ایک ثالث کے طور پر کردار ادا کرنے والی ریاست پر حملہ کرکے تمام بین الاقوامی قوانین اور سفارتی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
امیرِ قطر کے مطابق، “اسرائیل نے ایک ثالثی کردار ادا کرنے والے ملک پر جارحیت اور مذاکراتی وفد کے اراکین کو قتل کرنے کی کوشش کر کے ریاستوں کے تعلقات سے متعلق تمام قوانین پامال کر دیے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم اس کارروائی کو ریاستی دہشت گردی سمجھتے ہیں، اور اس پر آنے والا عالمی ردِعمل اتنا شدید تھا کہ حملہ آور خود حیران رہ گئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News